نئی دہلی،04 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کی پاکستان کے بالاکوٹ میں سرجیکل اسٹرائک میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد کو لے کر اب کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی سوال اٹھائے ہیں۔
یہ تنازع بی جے پی صدر امت شاہ کے اس بیان کے بعد زیادہ بڑھ گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں بھارتی فضائیہ نے 250 دہشت گردوں کو مار گرایا۔اس کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے کئی میڈیا رپورٹوں کے پرنٹ اسکرین شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے۔
مرکزی وزیر ایس ایس آہلووالیہ کے بیان (ایئر اسٹرائک کا مقصد پیغام دینا تھا، مارنا نہیں) مگر نشانہ لگاتے ہوئے سدھو نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاکہ تو مقصد کیا تھا؟ کیا دہشت گردوں کو مارنے گئے تھے یا درخت اکھاڑنے؟ کیا یہ انتخابی ہتھکنڈہ تھا؟ اس کے علاوہ ایئر اسٹرائک میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد پر سدھو نے لکھا ہے، 300 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہاں یا نہیں؟ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا ہے کہ فوج کی سیاست بند کی جائے۔
دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھی مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد پر سوال اٹھائے ہیں۔امت شاہ پر نشانہ لگاتے ہوئے کیجریوال نے ٹویٹ کیاکہ کیا امت شاہ کے مطابق فوج جھوٹ بول رہی ہے؟ فوج نے صاف صاف کہا ہے کہ کوئی مرا یا نہیں مرا یا کتنے مرے، یہ نہیں کہا جا سکتا۔اپنے انتخابی فوائد کے لئے کیا امت شاہ اور بی جے پی کی فوج کو جھوٹا کہہ رہے ہیں؟ ملک کو فوج پر اعتماد ہے۔کیا امت شاہ اور بی جے پی کو فوج پر اعتماد نہیں؟اس کے بعد کیجریوال نے ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاکہفوج جھوٹ نہیں بول سکتی، بی جے پی جھوٹ بول رہی ہے۔سارا ملک فوج کے ساتھ ہے، لیکن بی جے پی فوج کے خلاف۔